لندن،8 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستان اور انگلینڈ کے مابین اولڈ ٹریفورڈ کے میدان پر کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹی20 میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 135رنز سکور کئے۔جواب میں پاکستان نے مقررہ ہدف 14.5اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔شرجیل اور لطیف کی شراکت انگلینڈ کے خلاف سب سے زیادہ شراکت ہے۔ اس سے قبل مصباح الحق اور شعیب ملک نے 2012میں انگلینڈ کے خلاف 71رنز کی شراکت کی تھی۔دوسری جانب اولڈ ٹریفورڈ میں 100رنز کی پہلی شراکت بھی خالد لطیف اور شرجیل نے کی ہے۔خالد لطیف نے 36گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔انگلینڈ کو 12اوور میں پہلی کامیابی ملی جب شرجیل 36گیندوں میں 59رنز بنا کر راشد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ شرجیل نے سات چوکے اور تین چھکے مارے۔
اس سے قبل انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے ہیلز نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ لیکن ساتویں اوور میں عماد نے پاکستان کامیابی دلوائی جب انھوں نے جیسن روئے کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ جیسن روئے 20رنز سکور کر کے آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے صرف ہیلز ہی عمدہ کھیل پیش کر سکے۔پاکستان کی جانب سے عماد نے ہی دوسری وکٹ لی اور جارحانہ کھیل کھیلنے والے ہیلز کو 37کے انفرادی سکور پر بولڈ کیا۔پاکستان کو 10ویں اوور کی پہلی گیند پر تیسری کامیابی ملی جو روٹ حسن علی کی گیند پر چھ رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔14ویں اوور کی پہلی گیند پر وہاب ریاض کی گیند پر بٹلر 16رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔15ویں اوور میں حسن علی نے سٹوکس کو آؤٹ کیا۔ سٹوکس صرف چار رنز سکور کر سکے۔پاکستان کو 17ویں اوور میں وہاب ریاض نے ایک اور کامیابی دلوائی۔ انھوں نے مورگن کو 14رنز پر آؤٹ کیا۔آخری اوور میں وہاب نے اپنی تیسری وکٹ لی جب انھوں نے وِلی کو 12رنز پر آؤٹ کیا۔عماد وسیم جنھوں نے پاکستان کی جانب سے پہلا اوور کرایا فیلڈ سے باہر چلے گئے ہیں۔ سہیل تنویر کی گیند پر ہیلز کی شاٹ کو روکنے میں عماد کے سر پر گیند لگی تھی۔
اولڈ ٹریفورڈ میں ٹی 20 میں سب سے زیادہ سکور 191ہے جو انگلینڈ نے جون 2015میں نیوزی لینڈ کے خلاف کیا تھا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان موجودہ سیریز کے درمیان پانچ ایک روزہ اور چار ٹیسٹ میچ کھیلے گئے۔ دونوں ملکوں کے درمیان ٹیسٹ سیریز دو دو میچوں سے برابر رہی جبکہ ایک روزہ میچوں میں پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار میچوں سے شکست ہوئی۔دونوں ملکوں کے درمیان گذشتہ سال نومبر میں متحدہ عرب امارات میں تین ایک روزہ میچ کھیلے گئے تھے جس میں انگلینڈ نے تین میچوں میں کامیابی حاصل کر کے کلین سوئپ کیا تھا۔اس سیریز کا آخری میچ سپر اوور کے مرحلے میں پہنچا تھا جس میں انگلینڈ کی طرف سے کرس جارڈن نے بالنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔پاکستان کے کپتان سرفراز نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے پانچ میچوں میں 300رنز سکور کیے اور اس سیریز میں اپنی ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ سکور کرنے والے بلے باز رہے۔ انھوں نے آخری میں میچ 73گیندوں پر 90رن سکور کرکے اپنے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان بھی انگلینڈ اور آسٹریلیا کی طرح نوجوان اور جارحانہ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں سے ایک نئی ٹیم بنانے کی کوشش میں ہے۔